امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کثیر مقدار میں منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گرفتاری کے بعد پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھاپہ ماری مہم جاری ہے۔ پولیس تھانہ سری گفوارہ کی پولیس پارٹی نے دوران گشت پی ایچ سی کلاں کے قریب دو افراد کو روکا جو نائلن کا تھیلا لے کر جارہے تھے، تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 5.500 کلو گرام چرس پاؤڈر برآمد ہوا۔ ان کی شناخت کے کلان کے رہنے والے ہمایوں بشیر اور عادل بشیر ولد بشیر احمد گنائی کے طور پر ہوئی ہے۔
وہیں بجبہاڑہ پولیس تھانہ کی پولیس پارٹی نے واگھامہ بجبہاڑہ میں ناکا قائم کیا اور گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK01X-3736 کو روک کر تلاشی لی گئی جس میں سے تقریباً 18 کلو فُکی برآمد کی گئی۔ گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت منظور احمد راہ ولد عبدالرحمان راہ ساکن واگھاما بجبہاڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزم موقعے پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی اس کی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں منشیات کے بڑھتے کاروبار سے پولیس اور سکیورٹی فورسز پریشان ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔