امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحانات کے بلا کسی خلل اور احسن انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔ ایسے میں بورڈ امتحانات کے لئے جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹیریٹریز میں 3ہزار 139 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ 51 ہزار 512 طلباء ان امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ ادھر، بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے پہلے ہی اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
بورڈ حکام کے مطابق امتحانات کے لیے درکار ساز و سامان بھی متعلقہ سب آفسز تک پہنچایا گیا ہے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ منعقد کیے جانے والے امتحانات پر امن اور احسن طریقے سے انجام پا سکیں۔ واضح رہے کہ یکساں تعلیمی کلینڈر کا نفاذ عمل میں لانے کے بعد جموں وکشمیر کے طلباء بھی دیگر ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کے طلباء طرح ااج دوسرے برس مارچ اپریل سیشن میں امتحانات میں شریک ہو رہے ہیں۔
ادھر، کشمیر صوبے میں 3 ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے تدریسی سرگرمیوں کے لیے 4 مارچ کو دوبارہ سے کھل گئے۔ طلباء کا اسکولوں کا رخ کرنے سے ایک الگ اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا، جہاں اساتذہ کا طلباء کو گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وہیں بچے اپنے ہم جماعتیوں اور دیگر دوستوں کے ساتھ بغل گیر ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔