امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات 7 مارچ کو سرینگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور علاقہ کی سیاسی پارٹیاں آرٹیکل 370 پر قوم کو گمراہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "کیا آرٹیکل 370 نے جموں و کشمیر کے لوگوں یا منتخب خاندانوں کو فائدہ پہنچایا؟ لوگ اس حقیقت کو سمجھ چکے ہیں کہ انہیں گمراہ کیا گیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ "منتخب خاندانوں کے لیے وہ زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے اور آج 370 نہیں ہے، اس لیے جموں کشمیر کے نوجوانوں کی امنگیں پوری ہو رہی ہیں اور انہیں نئے مواقع مل رہے ہیں۔ سب کے لیے مساوی حقوق اور مواقع ہیں‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی پناہ گزینوں اور والمیکی کمیونٹی کو ووٹنگ کا کوئی حق نہیں تھا، انہیں بھی آج ان کے حقوق مل گئے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ "یہ وہ نیا جموں و کشمیر ہے جس کا ہم ہزاروں سالوں سے انتظار کر رہے تھے۔ یہ وہ جموں و کشمیر ہے جس کے لیے شیاما پرساد مکھرجی نے قربانیاں دیں۔”
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے بخشی اسٹیڈیم سرینگر میں اپنے خطاب سے قبل ریلے میں شریک ان کامیاب نوجوان کاروباریوں سے بات چیت کی جو کہ مختلف اسکیموں کے تحت ڈیری،فوڈ ٹیکنالوجی اور زرعی سیکٹر کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں نہ صرف خود روزگار کما رہے ہیں، بلکہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کررہے ہیں۔