امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سرینگر میں عوامی ریلی کے دوران وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص کے ساتھ سیلفی لی۔
دراصل جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ناظم نامی ایک شہد کی مکھیاں پالنے والے ایک کاروباری نے بخشی اسٹیڈیم میں عوامی ریلی کے دوران وزیر اعظم سے سیلفی لینے کی درخواست کی۔
وزیر اعظم نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں یہ تصویر پوسٹ کرکے کہا: ‘میرے دوست ناظم کے ساتھ ایک یاد گار سیلفی’۔انہوں نے پوسٹ میں کہا: ‘میں اس کے اچھے کام سے متاثر ہوا، عوامی ریلی کے دوران اس نے سیلفی لینے کی درخواست کی اور مجھے ان سے مل کر خوشی ہوئی’۔
وزیر اعظم نے ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قبل ازیں ناظم نے بخشی اسٹیڈیم میں وزیر اعظم کے سامنےشہد کی مکھیاں پالنے کے اس کے کاروبار کے بارے میں وضاحت کی۔
وزیر اعظم نے ان کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ناظم نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد سرکاری نوکری کا انتظار کرنے کے بجائے ‘بی کیپنگ’ کےاپنے بچپن کے شوق کو پورا کیا۔
واضح رہے کہ یک روزہ دورہ کشمیر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بخشی اسٹیڈیم میں ان کامیاب نوجوان کاروباریوں سے بات چیت کی جنہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت ڈیری،فوڈ ٹیکنالوجی اور زرعی سیکٹر کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں نہ صرف خود روزگار کما رہے ہیں، بلکہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کشمیر کے اپنے یک روزہ دورے کے دوران جموں وکشمیر میں زرعی معیشت کو فروغ دینے کے لئے 5 ہزار کروڑ روپیوں کے اقدامات کا افتتاح کے علاوہ کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔