امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: کانگریس نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس پہلی فہرست میں 39 امیدواروں کے نام ہیں۔
راہول گاندھی کے ساتھ ساتھ بھوپیش بگھیل اور ششی تھرور جیسے بڑے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ کانگریس کی اس فہرست کا اعلان بی جے پی کے 195 امیدواروں کی پہلی فہرست کے جاری ہونے کے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت کے بعد کیا گیا ہے۔
اس فہرست سے واضح ہے کہ راہول گاندھی وایناڈ سے الیکشن لڑیں گے۔ حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ وہ 2019 کی طرح امیٹھی سے بھی الیکشن لڑیں گے یا نہیں۔ ششی تھرور ترواننت پورم سے الیکشن لڑیں گے۔ وہ اس سیٹ سے مسلسل تین بار رکن اسمبلی رہے ہیں۔ وہیں پارٹی نے چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو راج ناندگاؤں سے میدان میں اتارا ہے۔
اس کے ساتھ ہی کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کو کیرالا کے الاپپوزا سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ انہوں نے یہ سیٹ 2009 میں جیتی تھی۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ ڈی کے سریش بنگلورو رورل سے الیکشن لڑیں گے۔
کانگریس کے امیدواروں کی پہلی فہرست میں، 15 امیدوار عام زمرہ سے ہیں اور 24 درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقے اور اقلیتی برادریوں سے ہیں۔ کانگریس کی پہلی فہرست میں بنیادی طور پر جنوبی اور شمال مشرقی سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔