امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چوری کے ایک معاملے کو بارہ گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے اس میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار اور مسروقہ مال کو بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن شیری کو عبدالعزیز بٹ عرف بٹ ٹریڈرس ولد عبدالاحد بٹ ساکن شیری کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی۔
جس میں کہا گیا کہ اس کے سیلز مین زبیر احمد میر ولد فاروق احمد ساکنہ گانٹمولہ بالا نے اس کی دکان سے 5 لاکھ روپیے مالیت کا ہارڈ وئیر/ سینیٹری و دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کے مطابق متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن شیری میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز بارہمولہ کی نگرانی میں ایس ایچ او شیری کی قیادت میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔
انہوں نے کہا: ‘تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی جس کے تجزیے سے اس جرم میں سیلز مین اور اس کے دو دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا’۔
بیان میں ملزموں کی شناخت ولی محمد بٹ ولد علی محمد ساکن بمر بونیار اور زبیر احمد لون ولد عبد الرشید ساکن بڈمولہ شیری کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 5 لاکھ روپیے مالیت کے مال مسروقہ کو بھی بر آمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔