امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے آج الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مرکزی دفتر میں الیکشن کمشنر کے عہدے کا چارج لے لیا ہے۔
گیانیش کمار کون ہیں؟
نئے الیکشن کمشنر گیانیش کمار 1988 بیچ کے کیرالہ کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ وزارت تعاون میں سیکرٹری کے عہدے سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے دوران گیانش کمار کو وزارت داخلہ میں تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے وزارت پارلیمانی امور میں سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
سکھبیر سنگھ سندھو کون ہیں؟
نئے الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو 1988 بیچ کے اتراکھنڈ کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ 1963 میں پیدا ہوئے۔ گزشتہ سال اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری کے طور پر ان کی میعاد ختم ہو رہی تھی جس کے بعد ان کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔ چیف سکریٹری کے طور پر ان کی میعاد جنوری 2024 میں ختم ہوئی۔ سندھو کو جولائی 2021 میں ریاست کا چیف سکریٹری بنایا گیا تھا۔ سندھو نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھو نے انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سکریٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ سندھو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج، امرتسر سے ایم بی بی ایس کیا اور گرو نانک دیو یونیورسٹی، امرتسر سے تاریخ میں ماسٹر کی ڈگری بھی حاصل کی۔