امت نیوز ڈیسک //
اپنی پارٹی نے جموں کشمیر میں انڈیا اتحاد کا مقابلہ کرنے کے لیے غلام نبی آزاد کی قیادت والی ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے ساتھ ممکنہ اتحاد کا اشارہ دیا ہے۔
جے کے اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر لیڈروں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کے بعد پارٹی نے ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الطاف بخاری کی پارٹی کے سینئر سیاستدان نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ اپنی پارٹی ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے ساتھ اتحاد کرے گی۔
یہ پیشرفت عمر عبداللہ کے اعلان کے چند دن بعد ہوئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی اکیلے انتخابات میں اترے گی۔ انہوں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ اتحاد کے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کشمیر کی تینوں نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کریں گے۔‘‘










