امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کو تقویٰ ، پرہیزگاری اور نیکیوں کے حصول کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرزندان اسلام سے تاکید کی کہ وہ اس مبارک مہینے کو اللہ کی جانب سے ایک عظیم نعمت متبرکہ جان کر اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ اللہ کے قریب ہونے کی کوشش کریں۔
رمضان المبارک کے عشرئہ مغفرت اور اس مہینے کی دوسری جمعہ کو مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جہاں ناسازگار موسم کے باوجود ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔ وہیں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ رمضان المبارک جیسا برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہے۔ اس مہینے میں ایمان وتقویٰ کی بنیاد پر ہر مومن بندہ اپنے اپنے ظرف اور اپنی اپنی ہمت کے مطابق اس کی برکتوں اور رحمتوں سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کرے۔
حدیث کی روشنی میں تقویٰ اور پرہیزگاری کے زریں اصولوں کی مفصل تشریح کرتے ہوئے کہا کہ روزہ داری کا مطلب صرف بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں بلکہ ہر اُس چھوٹے بڑے گناہ سے اجتناب کا مہینہ ہے جس سے ہم کو اللہ کے قریب ہونے کا موقعہ میسر ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ تقویٰ کا حق یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے تمام احکامات پر پورا پورا عمل کیا جائے اور اللہ تعالیٰ کی منع کردہ ہر ہر چیز سے اجتناب اور پرہیز کیا جائے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ انسان اپنے رب کا اطاعت گزار ہوگا۔ اس کا نافرمان نہیں۔ اس کا ذاکر ہوگا۔ اس کو بھولنے والا نہیں۔ اس کا شکرگزار ہوگا ۔ناشکرا نہیں ۔وہ ایمان اور توکل کی دولت سے مالا مال ہوگا۔
میرواعظ محمد عمر فاروق نے کہا کہ اس مہینے میں جہاں روزہ دار کو جھوٹ، بہتان، غیبت، حرام خوری اور دیگر تمام آلودگیوں سے پرہیز کرنا چاہئے، وہیں ناداروں اور مفلسوں کی مدد کا بھی اہتمام کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ نیکیوں کا حصول ممکن ہو سکے۔