امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بارہویں جماعت کے فزیکل ایجوکیشن پرچے کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق یہ پرچہ رواں ماہ 30 مارچ کو لیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پرچہ 20 مارچ کو اس وقت منسوخ کیا گیا جب امتحانی مراکز میں بارہویں جماعت کے طلباء کو غلطی سے گیارہویں جماعت کا پرچہ دے دیا گیا تھا۔ بعد میں بورڈ حکام نے اس لاپروائی کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
بارہویں جماعت کے طلباء میں غلط سوالیہ پرچہ تقسیم کرنے کے حالیہ معاملے کے بارے میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن تصدق حسین میر نے کہا کہ بورڈ نے پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ ذمہ دار اور حقائق پر مبنی رپورٹ جلد ہی حکومت کو پیش کرے گی اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی نسبت سے تحقیقات جاری ہیں۔ جان بوجھ کر یا غیر ارادی طور پر جو بھی اس غلطی کا ذمہ دار ہوگا، اسے ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ ایسے میں اب بارہویں جماعت سے فزیکل پرچے کا امتحان لینے کی تاریخ 30 مارچ کی مقرر کی گئی ہے اور اس حوالہ سے باضابطہ طور پر ڈیٹ شیٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔