امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں و کشمیر سے آرمڈ فورسز (اسپیشل پاورز) ایکٹAFPSA کو منسوخ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ایک میڈیا ادارے کے ساتھ انٹرویو میں امیت شاہ نے کہا کہ حکومت کا مرکز کے زیر انتظام علاقے (یو ٹی) سے فوجیوں کو واپس بلانے اور امن و امان کی صورتحال صرف جموں و کشمیر پولیس پر چھوڑنے کا بھی منصوبہ ہے۔ امیت شاہ نے کہا: ’’ہمارا فوجیوں کو واپس بلانے اور امن و امان صرف جموں و کشمیر پولیس پر چھوڑنے کا منصوبہ ہے۔ پہلے جموں و کشمیر پولیس پر بھروسہ نہیں کیا جاتا تھا لیکن آج وہ کارروائیوں کی قیادت کر رہی ہے۔‘‘ متنازعہ افسپا AFSPA پر وزیر داخلہ نے کہا: ’’ہم افسپا کو منسوخ کرنے کے بارے میں بھی سوچیں گے۔‘‘
آرمڈ فورسز (اسپیشل پاورز) ایکٹAFPSA شورش زدہ علاقوں میں کام کرنے والے مسلح اہلکاروں کو ’’امن و قانون کی بحالی‘‘ کے لیے ضروری سمجھے جانے پر تلاشی، گرفتاری حتی کہ فائرنگ کرنے کے بھی وسیع اختیارات دیتا ہے۔ مسلح افواج کی کارروائیوں کو آسان بنانے کے لیے AFSPA کو کسی بھی علاقے یا ضلع کو ’’ڈسٹربڈ‘‘ قرار دیکر لاگو کیا جاتا ہے۔
امیت شاہ نے پہلے کہا تھا کہ شمال مشرقی ریاستوں کے 70 فیصد علاقوں میں افسپا کو ہٹا دیا گیا ہے حالانکہ یہ جموں و کشمیر میں ہنوز نافذالعمل ہے۔ جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں مختلف تنظیموں اور افراد کی جانب سے افسپا کو منسوخ کرنے کے مطالبات کیے گئے ہیں، اور مسلح افواج پر افسپا کا غلط استعمال کرنے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، جن میں 90کی دہائی کے اوائل میں ’’کُنن پوش پورہ، اجتماعی عصمت دری‘‘، امشی پورہ فرضی تصادم، حراستی ہلاکتوں، جبری گمشدیوں کے متعدد واقعات شامل ہیں۔
وزیر داخلہ کے اس بیان کا سیاسی تنظیموں نے خیر مقدم کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان سہیل بخاری نے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہ ایک انتہائی اچھا اقدام ہے اور پی ڈی پی اس کی ہمیشہ سے مانگ کرتی آ رہی ہے کہ جموں کشمیر سے افسپا کو ہٹایا جائے۔‘‘ تاہم بخاری نے مرکز سے اس بارے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’امید ہے کہ مرکزی سرکار کا یہ فیصلہ محض جملہ ثابت نہ ہو، بلکہ واقعی وہ اس کو عملی جامہ پہنائیں۔‘‘