امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں لائسنس یافتہ بندوق ہولڈروں کو اپنے ہتھیار جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پیر کے روز سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے مختلف پولیس تھانوں میں اپنے ہتھیار جمع کروائے۔ اطلاعات کے مطابق پونچھ ضلع میں پیر کے روز ہتھیار جمع کرنے کی آخری تاریخ تھی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے پولیس اسٹیشنوں پر جاکر وہاں پر اپنے ہتھیار جمع کیے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ نے ڈبل بیرل، سنگل بیرول بندوق، پستول اور ریوالور جمع کرانے کا حکم دیا تھا، جس پر من و عن عمل کرتے ہوئے لوگوں نے اپنے ہتھیار پولیس تھانوں میں جمع کروائے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سبھی اضلاع میں لائسنس یافتہ بندوق ہولڈروں کو اپنے ہتھیار نزدیکی پولیس تھانوں میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے ان علاقوں میں کشت کے دوران لؤڈ اسپکروں کے ذریعے اعلان بھی کیا تھا۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے لائسنسی ہتھیاروں کو جمع کرانا ایک معمول کی کارروائی ہے۔
(یو این آئی)