امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے پیر کے روز کہا کہ انٹیلی جنس گرڈ اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کی خاطر سکیورٹی صورت حال کو مزید مضبوط و مستحکم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر سکیورٹی فورسز کے افسران چوبیس گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس گرڈ اور اندرونی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جموں و کشمیر پولیس میں خواتین اہلکاروں کے کام کاج کا دائرہ روز بروز وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور پُر امن ماحول میں کرانے کے لیے زمینی سطح پر تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں اور امیدواروں کی سکیورٹی پر بھی خاص توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
اس سے قبل پولیس سربراہ نے کٹھوعہ میں پولیس تربیتی اسکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے جارہے ہیں، تاکہ پر امن انتخابات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔جموں وکشمیر پولیس نے یونین ٹریٹری کے سبھی اضلاع میں خصوصی کنٹرول روم قائم کئے ہیں۔
شفاف اور پُر امن انتخابات کے لئے جموں وکشمیر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے، جبکہ امیدواروں کی سکیورٹی اور جلسہ گاہوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جارہا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پر امن انتخابات کی خاطر پیرا ملٹری فورسز کی اضافی کمپنیاں بھی آئندہ چند روز کے اندر اندر وارد کشمیر ہو رہی ہیں جنہیں مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔پولیس محکمے نے اضافی کمپنیوں کو سہولیات بہم رکھنے کی خاطر پہلے ہی اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔
(یو این آئی)