امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وادی کے اطراف وا کناف میں حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔ درگاہوں، امام بارگاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی کی گئی۔زیارت گاہ حضرت بل میں نماز ظہرین پر زائرین موئے مقدس ؐکے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پیر کے روز حضرت علیؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس حوالے سے درگاہوں، امام بارگاہوں اور خانقاہوں میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔
جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں نماز ظہرین پر لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے باجماعت نماز کی ادائیگی کے بعد موئے مقدس ؐ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔دریں اثنا حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے شیعہ آبادی والے علاقوں میں بھی رات بھر شب خوانی کا اہتمام ہوا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر، بارہ مولہ، بانڈی پورہ، بڈگام، پلوامہ سمیت تمام اضلاع میں چھوٹی بڑی مجالسوں اور جلوسوں کا انعقاد ہوا جہاں قرآن خوانی،نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کے علاوہ شبیہ تابوت کے جلوس برآمد ہوئے۔سری نگر میں عزاداروں کی ایک عظیم الشان مجلس منعقد ہوئی جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر علمائنے حضرت علی (رض) کے فضائل، اوصاف، کمالات اور دین کے تئیں ان کی خدمات کو اجاگر کیا۔حضرت علیؓکی شہادت کی مناسبت سے وادی کی مساجد،امام بارگاہوں،درگاہوں میں عزاداری کی مجلسیں منعقد ہوئیں جن میں عقیدتمندوں نے شرکت کرکے حضرت علیؓ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سری نگر‘بڈگام‘بارہمولہ‘باندی پورہ اور جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں عزدارای کی عظیم الشان مجالس کا انعقاد ہواجن میں زاکرین اور علمائے کرام نے حضرت علیؓ کی سیرت طیبہ کے چند روشن گوشوں کو اجاگرکیا۔
تاریخی امام بارہ بڈگام کے علاوہ بیمنا‘جڈی بل‘میرگنڈ پٹن‘گنڈ حسی بٹ اور نوگام سوناواری میں جلوس عزا بھی برآمد ہوئے جن میں شامل عزاداروں نے نوحہ خوانی،مرثیہ خوانی اور سینہ کوبی کی۔