امت نیوز ڈیسک //
سری نگر/ جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع گاندربل میں چوری کا ایک معاملہ حل کرکے نقدی رقم اور ایک سکوٹی کو بر آمد کرکے ملزم خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو 2 اپریل 2024 کو قیصر احمد وازہ ساکن توحید چوک گاندربل کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ اس کی بھابی مہمان بن کر اس کے گھر آئی اور اس کے کمرے کے لاکر سے سونے کے زیورات اڑا لے گئی۔انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمہ کی تلاش کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔انہوں نے کہا کہ سخت محنت اور تیکنیکی معلومات کی مدد سے پولیس پارٹی نے ملزمہ کو ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سری نگر میں گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزمہ نے جرم کے ارتکاب کا اعتراف کیا اور یہ بات تسلیم کی کہ اس نے سونے کے زیوارات چرائے اور ان کو پیسوں کے عوض فروخت کیا۔انہوں نے کہا کہ ملزمہ کے انکشاف پر ایک لاکھ 85 ہزار 5 سو روپیے نقدی اور ایک سکوٹی بر آمد کی گئی۔