امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے یوتھ صدر اور سرینگر پلوامہ پارلیمانی حلقہ کے امیدوار وحید الرحمان پرہ نے نوجوانوں کو مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کو ضلع سرینگر کے پرانے شہر اور اندرون ڈل کے علاوہ دیگر علاقوں میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وحید الرحمان پرہ نے نوجوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ انتخابی عمل میں موٗثر طریقہ سے اپنی شرکت کو ممکن بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بہتر مستقبل کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کے بائیکاٹ سے کشمیری عوام بالخصوص پڑھے لکھے اور بے روزگار نوجوانوں کو درپیش چیلنجز میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایسے میں اپنے ووٹ کے ذریعہ ہی ہم اچھے اور پڑھے لکھے امیدوار کو ہی اپنی نمائندگی کا حق دے سکتے ہیں۔ اور ایسے میں یہ وہ وقت ہے جب نوجوان پولنگ بوتھ پر آتے ہیں اور اپنے نمائندوں کو منتخب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے کئی نوجوان قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کی سنوائی بھی نہیں ہورہی ہیں۔
پرہ نے کہا کہ وہ پی ڈی پی سرینگر کے باشندوں بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ حقیقی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ان کے تحفظات کو سنا جائے اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے عہد کیا کہ ہم ان چیلنجوں سے نمٹنے اور سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک ساتھ مل کر سرینگر کو مضبوط بنائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر پی ڈی پی کے سینئر رہنما اور سابق ایم ایل اے آسیہ نقاش، ریاستی سکریٹری عبدالحمید کوشین، ضلع صدر عبدالقیوم اور پارٹی کے دیگر کارکنان بھی وحید الرحمان پرہ کے ہمراہ تھے۔