امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ایلون مسک نے ہفتے کے روز تصدیق کی کہ وہ ٹیسلا کے اہم سہ ماہی نتائج کے درمیان اس ماہ ہندوستان کا دورہ نہیں کر سکیں گے۔ ان کے اب اس سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں ارب پتی نے کہا، ٹیسلا کے حوالے سے کئی ذمہ داریوں کی وجہ سے ہندوستان کا دورہ تاخیر کا شکار ہوگا۔ مسک نے کہا، ’’لیکن میں اس سال کے آخر میں آنے کے لئے بہت پرجوش ہوں۔‘‘
گزشتہ ہفتے ارب پتی نے پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنا چاہتے ہیں۔ اسپیس ایکس کے سی ای او نے ہندوستان کے دورے کے دوران ہندوستانی خلائی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرنی تھی۔
مسک نے حال ہی میں ٹیسلا کے سہ ماہی نتائج پر تجزیہ کاروں کے ساتھ ایک اہم کانفرنس کال کی، جس کے بعد کمپنی نے عالمی سطح پر اپنی افرادی قوت کے 10 فیصد (تقریباً 14000 ملازمین) کو فارغ کر دیا۔
ٹیسلا میں برطرفیوں کے دوران کچھ محکموں میں 20 فیصد تک ملازمین کو نکال دیا گیا۔ یہ فیصلہ بنیادی طور پر ناقص مالی کارکردگی کی وجہ سے لیا گیا۔ ٹیسلا کے دو ہائی پروفائل عہدیداروں روہن پٹیل اور ڈریو باگلینو نے بھی کمپنی چھوڑ دی ہے۔ ٹیسلا نے تقریباً 25000 ڈالر میں کم لاگت والی ای وی تیار کرنے کے منصوبوں کو بھی روک دیا ہے۔