امت نیوز ڈیسک //
اس مرتبہ ٹی-20 عالمی کپ کا انعقاد مشترکہ طور پر امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونا ہے۔ 2 جون کو اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہونے والا ہے، یعنی ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ اس درمیان ویسٹ انڈیز کو دہشت گردانہ حملہ کی دھمکی ملی ہے جس نے کرکٹ ورلڈ میں فکر کی لہر دوڑا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردانہ دھمکی ملنے کے بعد ویسٹ انڈیز میں اچانک سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس معاملے میں کرکٹ ویسٹ انڈیز کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے سیکورٹی سے متعلق بھروسہ دلایا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی بھی شرکت ہونی ہے اس لیے ہندوستان کے کرکٹ شیدائی بھی دہشت گردانہ حملہ کی دھمکی سے فکر میں مبتلا ہیں۔ حالانکہ راحت بھری خبر یہ ہے کہ ہندوستان اپنے گروپ مرحلہ کے سبھی میچ ویسٹ انڈیز کی جگہ امریکہ میں کھیلنے والا ہے۔ سپر-8 میں پہنچنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو میچ کھیلنے ویسٹ انڈیز جانا پڑ سکتا ہے۔
جہاں تک دہشت گردانہ حملے کی دھمکی کا سوال ہے، تو یہ شمالی پاکستان سے ملنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ حملہ ٹی-20 عالمی کپ کے دوران ہی ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس نے اسپورٹنگ ایونٹ کے دوران حملے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ آئی ایس خراسان کی افغانستان-پاکستان برانچ سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں کئی ممالک میں حملہ کرنے کی بات کہی گئی ہے اور حامیوں سے اس میں جڑنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
جہاں تک ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ میچوں کا سوال ہے، یہاں بارباڈوس، گیانا، انٹگوا اینڈ باربوڈا، سینٹ ونسنٹ، سینٹ لوسیا، گریناڈنس، ترینداد اینڈ ٹوبیگو میدانوں میں مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان سپر-8 میں پہنچتا ہے تو اسے آگے کے بیشتر مقابلے ویسٹ انڈیز میں ہی کھیلنے کو ملیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی سیکورٹی کو لے کر بھی ہر طرح کے حفاظتی انتظامات پختہ کیے جانے ضروری ہیں۔
جہاں تک ہندوستانی ٹیم کے پہلے میچ کا سوال ہے، 5 جون کو اس کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوگا جو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔ گروپ مرحلہ میں ہندوستانی ٹیم اپنے شروعاتی تین میچ نیویارک میں کھیلے گی، جبکہ چوتھا مقابلہ لاڈرہل میں دیکھنے کو ملے گا۔ ہندوستان کا دوسرا مقابلہ 9 جون کو پاکستان کے خلاف، تیسرا مقابلہ 12 جون کو امریکہ کے خلاف اور چوتھا مقابلہ 15 جون کو کناڈا کے خلاف ہوگا۔