امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: سفر حج پر روانگی کا سلسلہ جمعرات 9 مئی 2024 سے شروع ہو گیا ہے۔ عازمین حج کی پہلی پرواز دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے سے رات 2:20 بجے روانہ ہوئی۔ دہلی پردیش حج کمیٹی سے موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی سے پہلے قافلے میں 285 عازمین روانہ ہوئے ہیں۔ 25 مئی 2024 تک دہلی سے عازمین حج کے لیے کل 47 پروازیں روانہ ہوں گی۔ عازمین حج کی پہلے قافلے کو لے کر سعودی ایئر لائنز کی پہلی پرواز دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ کے لیے روانہ ہوئی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ممبر محمد سعد، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی، ڈپٹی سی ای او ناظم احمد، دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نے ہوائی اڈہ پہنچ کر عازمین کو روانہ کیا۔ ہوائی اڈے پر دیگر حکام اور عملہ موجود تھا اور عازمین حج کا پھولوں کے ہاروں سے استقبال کیا گیا اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے مقرر کردہ بھارت سکاؤٹس اور گائیڈز کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
حج 2024 کے لیے ہندوستان سے کل 1,75,025 عازمین مقدس سفر حج پر جائیں گے۔ اس میں 1,40,025 عازمین حکومت ہند جبکہ 35,000 پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعہ حج پر جائیں گے۔ ہندوستان بھر میں کل 20 امبارکیشن پوائنٹس سے عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ پہلے قافلے میں دہلی سے حج پر جانے والے حاجیوں کی واپسی 22 جون سے شروع ہوگی۔