امت نیوز ڈیسک //
جموں: لوک سبھا الیکشن کے چوتھے مرحلے کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کے مختلف علاقوں میں کشمیری پنڈت مہاجر رائے دہندگان کے لئے 23 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں۔
بتادیں کہ لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں میں سے 13 مئی کو سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے پولنگ ہوگی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں میں کشمیری پنڈت مہاجر ووٹروں کے لئے 23 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں جن میں 2 معاون پولنگ مراکز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق 15 سوسے زیادہ ووٹروں کے لئے معاون پولنگ مراکز قائم کرنا لازمی ہے۔
ذرائع کے مطابق سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے کشمیری پنڈت ووٹروں کی تعداد زائد از 13 ہزار ہے جو 13 مئی کو جموں کے مختلف حصوں میں قائم 23 پولنگ مراکز پر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران سری نگر کے ریٹرنگ افیسر کو کشمیری پنڈت ووٹروں کے 473 پوسٹل بیلٹ بھیجے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ پوسٹل بیلٹس ملک بھر میں مقیم کشمیری پنڈت ووٹروں کے ہیں جنہوں نے پہلے ہی حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے’۔
بتادیں کہ18 حلقوں پر مشتمل سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے 13 مئی کو پولنگ ہوگی۔
حکام کے مطابق ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے 229 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
اس سیٹ کے لئے کل 24 امید وار میدان میں ہیں جن میں سے نیشنل کانفرنس کے آغا روح اللہ اور پی ڈی پی کے وحید الرحمان اور جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے اشرف میر کے درمیان کانٹے کی ٹکر متوقع ہے۔