امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما کا جماعت اسلامی کے پابندی ہٹانے پر انتخابات میں حصہ لینے کے بیان کے بارے میں کہنا ہے کہ مودی سرکار میں صرف مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کو برداشت کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ کشمیر کوئی سیاسی دورہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے اچھا ووٹر ٹرن آؤٹ مرکزی سرکار کی اسکمیوں اور دفعہ 370 ختم کرنے کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ کشمیر کوئی سیاسی دورہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا: ’13 مئی کو جس طرح سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے ووٹر ٹرن آؤٹ رہا وہ مرکزی سرکار کی اسکیموں اور دفعہ 370 ختم کرنے کی بہت بڑی کامیابی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘اس ٹرن آؤٹ کو اور بڑھایا جائے اور امن و شانتی کا ماحول دیا جائے مجھے لگتا ہے کہ وزیر داخلہ صاحب اس کا جائزہ لینے کے لئے آج یہاں آئیں گے ‘۔
سنیل شرما نے نے کہا کہ وزیر داخلہ یہاں کسی وفد سے نہیں ملیں گے تاہم وہ اپنے پارٹی ورکروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔جماعت اسلامی کی طرف سے پابندی ہٹانے پر الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘مودی سرکار میں صرف مین اسٹریم پر بھروسہ کیا جائے گا کسی دائیں بائیں اسٹریم کو اجازت نہیں دی جائے گی’۔انہوں نے کہا: ‘بھارت میں آئین کے تحت ہر تنظیم کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ہے لیکن جس نے ملک مخالف سرگرمیوں میں حصہ لیا ہوگا اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا’۔( یو این آئی)