امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ پی ڈی پی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔جماعت اسلامی کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘جماعت اسلامی وقت کی نزاکت کو سمجھتی ہے’۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک انتخابی ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پی ڈی پی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پی ڈی پی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ میں ہے’۔
وحید پرہ کے خلاف درج ایف آئی آر کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘جب انہوں نے دیکھا کہ لوگ پی ڈی پی کے حق میں باہر آ رہے ہیں تو اس کے نتیجے میں وحید پرہ پر ایسے حملے ہو رہے ہیں’۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کو سب سے زیادہ نقصان شمالی کشمیر میں پہنچایا گیا جہاں اس کے لیڈروں کو پارٹی سے نکالا گیا تاہم شمالی کشمیر ہو جنوبی کشمیر ہو یا وسطی کشمیر ہمارا ورکر ہر جگہ ہمارے ساتھ کھڑا رہا’۔
انجینئر رشید کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘جس طرح جیلوں میں بند کشمیری مظلوم ہیں انجینئر رشید بھی ان ہی کی طرح ایک مظلوم ہیں’۔
جماعت اسلامی کے انتخابات میں حصہ لینے کے بیان کے بارے میں پی ڈی پی صدر نے کہا: ‘جماعت اسلامی نے 1087 میں بھی الیکشن لڑے تھے لیکن اس وقت جو دھاندلیاں ہوئی تھیں آج بھی ان کی تیاریاں ہو رہی ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘جماعت اسلامی وقت کی نزاکت سمجھتی ہے ان کو معلوم ہے کہ جمہوری نظام میں ووٹ سے انتقام لیا جا سکتا ہے’۔