امت نیوز ڈیسک //
* ایم ایس نازکی پونچھ، 19 مئی : اتوار کو مینڈھر پونچھ ضلع میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ کے لئے پارٹی کے امیدوار میاں الطاف کی ایک ریلی کے دوران چاقو سے حملے کے ایک مبینہ واقعہ میں تین نوجوان زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے جی این ایس کو بتایا کہ ریلی کے موقع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران تصادم کرنے والے گروپوں میں سے ایک نے چاقو کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی تینوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں جدید علاج کے لیے جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر جاوید احمد نے جی این ایس سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے ایک کی یاسر احمد (22) ولد محمد شبیر ساکن گلٹھا ہرنی کے طور پر ہوئی ہے۔ دیگر دو زخمیوں کی شناخت سہیل احمد ولد محمد بشیر ساکن قصاب مینڈھر اور عمران احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہسپتال سے فرار ہو گئے۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے جی این ایس کو بتایا کہ ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ہیں۔ دریں اثناء لوگ اس واقعہ کے خلاف مین چوک مینڈھر پر احتجاج کر رہے تھے اور انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔(جی این ایس)