امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں پیر کو 49 حلقوں کے لیے ووٹنگ شروع ہوئی، جس میں جموں و کشمیر کی بارہمولہ نشست اور یونین ٹیریٹری لداخ کی واحد سیٹ بھی شامل ہیں۔ بارہمولہ سیٹ کے لیے لگ بھگ 17.38 لاکھ رائے دہندگان ووٹ دینے کے اہل ہیں، جبکہ لداخ میں 1.84 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔
سہ پہر تین بجے تک کا ووٹر ٹرن آؤٹ
لوک سبھا انتخابات 2024 کے پانچویں مرحلے کے ابتدائی ووٹر ٹرن آؤٹ میں پیر کو سہ پہر تین بجے تک بارہمولہ میں 44.9فیصد جبکہ یو ٹی لداخ میں 61.26فیصد ووٹنگ ہوئی۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق، بارہمولہ پارلیمانی سیٹ میں مختلف اسمبلی حلقوں میں ٹرن آؤٹ نمایاں طور پر مختلف تھا۔ بارہمولہ نشست پر سہ پہر تین بجے تک اسمبلی حلقہ وار ووٹنگ کی شرح: بانڈی پورہ میں ٹرن آؤٹ 46.86فیصد۔ بارہمولہ 39.44فیصد، بیرواہ 46.0فیصد، بڈگام 40.71فیصد، گلمرگ 44.99فیصد، گریز (ایس ٹی) 35.02فیصد، ہندوارہ 53.06فیصد، کرناہ 48.17 فیصد، کپوارہ 45.17فیصد، لنگیٹ 50.97فیصد، لولاب 46.97فیصد، پٹن 43.02فیصد، رفیع آباد 47.48فیصد، سوناواری 46.55فیصد، سوپور 31.11فیصد، ترہگام 47.17فیصد، اوڑی 50.2فیصد، واگورہ کریری 40.45فیصد۔
لداخ کے پارلیمانی حلقے میں تین بجے تک ٹرن آؤٹ کی مجموعی شرح 61.26 فیصد جبکہ ضلع کرگل میں 66.05فیصد ووٹنگ شرح اور لیہہ ضلع میں 56.10فیصد ووٹنگ شرح رہی۔ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ میں کل 34.6 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے جب کہ لداخ میں 71.05 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
بارہمولہ پارلیمانی حلقہ
بارہمولہ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد گروپس کے 22 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ قابل ذکر دعویداروں میں سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ، سابق وزیر اور پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون، سابق رکن اسمبلی انجینئر رشید اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے محمد فیاض میر شامل ہیں۔ بارہمولہ میں ووٹر ڈیموگرافک میں 8,75,831 مرد، 8,62,000 خواتین اور 34 تیسری جنس کے ووٹرز شامل ہیں۔ ان میں 17,128 معذور افراد اور 527 ووٹرز ہیں جن کی عمریں 100 سال سے زیادہ ہیں۔
حکام نے بارہمولہ پارلیمانی حلقے میں 2,103 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں صرف بارہمولہ ضلع میں 905 بوتھ ہیں، جن کی شناخت نازک طور پر کی گئی ہے۔ یہ پولنگ اسٹیشنز لائیو ویب کاسٹنگ کے لیے 4,206 سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس ہیں اور مرکزی و داخلی راستوں پر 50 اضافی کیمرے نصب ہیں۔
بارہمولہ پارلیمانی نشست کے اسمبلی حلقے
بارہمولہ حلقہ 18 اسمبلی نشستوں پر محیط ہے، جن میں کپوارہ میں چھ – کرناہ، ترہگام، کپوارہ، لولاب، ہندوارہ اور لنگیٹ۔ سات بارہمولہ ضلع کی بشمول سوپور، رفیع آباد، اُوڑی، بارہمولہ، گلمرگ، واگورہ کریری، اور پٹن۔ ضلع بانڈی پورہ میں سوناواری، بانڈی پورہ اور گریز جبکہ حد بندی کے بعد بڈگام ضلع کی بھی دو نشستوں – بڈگام، بیرواہ کو بھی اس نشست میں شامل کر لیا گیا۔