امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت بنانے کے لئے تیار ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ لوگوں نے مسلسل تیسری بار حکمران اتحاد پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور یہ ملکی تاریخ کا ایک بے مثال لمحہ ہے۔ انہوں نے کارکنوں کی انتخابات کے دوران محنت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ "ملک کے لوگوں نے مسلسل تیسری بار این ڈی اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ ہندوستان کی تاریخ کا ایک بے مثال لمحہ ہے۔ میں اپنے خاندان کا ان کی محبتوں اور آشیرواد کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے ہم نئی توانائی، نئے جوش اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "میں تمام کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے لگن اور انتھک محنت کی۔” وزیر اعظم مودی نے وارانسی سے مسلسل تیسرا الیکشن جیتا، کانگریس امیدوار اجے رائے کو 1,52,513 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر میں وزیر اعظم مودی، امت شاہ جے پی نڈا اور دیگر بی جے پی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس دوران وزیراعظم مودی نے بی جے پی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات میں این ڈی اے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔
ای سی آئی کے تازہ ترین رجحانات کے مطابق نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) 293 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ انڈیا بلاک 232 سیٹوں پر آگے ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اپنے طور پر اکثریت حاصل کی تھی، 2014 میں 282 سیٹیں حاصل کیں تھی اور 2019 کے انتخابات میں اس کی تعداد 303 سیٹوں تک پہنچ گئی تھی۔ لوک سبھا انتخابات 19 اپریل سے یکم جون تک سات مرحلوں میں ہوئے تھے۔