امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے عید الاضحی کی آمد پر عالم اسلام خاص کر ’’دنیا بھر کے مظلوم اور ستم رسیدہ مسلمانوں‘‘ کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ عید کی تہنیت اورمبارکباد پیش کرتے ہوئے عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔ میرواعظ کا کہنا ہے کہ ’’جہاں تک جموں و کشمیر میں عید الاضحی منانے کا تعلق ہے، تو اس سال کی عید بھی ایسے وقت میں منائی جا رہی ہے جب یہاں کے لوگ انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور ان کا حل صرف اور صرف قرآن و حدیث کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے میں ہی مضمر ہے۔‘‘
میرواعظ کشمیر نے عید الاضحی کے فلسفے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اور انکے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک ناقابل فراموش اور سابق آموز واقعہ قرار دیا۔ میرواعظ نے کہا: ’’ایثار و قربانی کا یہ واقعہ تا قیام قیامت انسانیت کو تحریک دیتا رہے گا۔‘‘ میرواعظ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ’’بحثیت ملت اسلامیہ ہمیں ہر مر حلے پر ایثار اور قربانی کے جذبے کو عام کرنے کی سخت ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے عوام الناس سے تاکید کی ہے کہ وہ عید الاضحی کی تقریب، اسلامی روایات اور تعلیمات کے مطابق سادگی کے ساتھ منانے اور معاشرہ کے غریب، پسماندہ اور ضرورت مندوں تک پہنچ کر ان کی ہر ممکن داد رسی کرکے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کریں۔ واضح رہے بر صغیر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی عید الاضحی پیر یعنی 17جون کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔