امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : نیشنل کانفرنس (این سی) کا کہنا ہے کہ کہ جموں کشمیر کی چھینی گئی آئینی حیثیت (دفعہ 370) کی بحالی ان کے منشور میں سر فہرست ہوگا اور اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد منشور کو عملی جامہ بھی پہنایا جائے گا۔ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے جمعہ کو این سی کے صدر دفتر، نوائے صبح کمپلیکس، میں منشور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔
روح اللہ نے کہا کہ آئینی حیثیت کی بحالی نیشنل کانفرنس کے منشور میں سر فہرست ہوگی اور اس کے علاوہ جموں کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کا تذکرہ اور انکے حل کرنے کے متعلق منشور میں مکمل تفصیلات بھی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منشور محض کاغذی دستاویز تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ اگر اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے اور پارٹی نے اس میں کامیابی حاصل کی تو منشور پر عملی طور کام بھی کیا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ نیشنل کانفرنس نے اسمبلی انتخابات لڑنے کے لئے تیاریوں کا آغاز کرلیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے ایک منشور کمیٹی بھی تشکیل دی۔ اس کمیٹی کی صدارت سابق وزیر خزانہ اور این سی کے سینئر لیڈر عبد الرحیم راتھر کر رہے ہیں۔ کمیٹی نے آج سرینگر میں پہلا اجلاس منعقد کیا اور مختلف معاملات کو منشور میں شامل کرنے پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
روح اللہ مہدی نے بتایا کہ منشور میں پارٹی کے لیڈران اور کارکنان کی رائے شامل کی جائے گی اور عوامی رائے بھی اس میں شامل ہوگئ۔ انہوں نے کہا کہ 30 یا چالیس روز میں کمیٹی منشور مکمل کرے گی۔