امت نیوز ڈیسک //
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف جاری طلباء کے احتجاج کی وجہ سے حالات بدستور تشویشناک ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تقریباً 1000 ہندوستانی طلباء وہاں سے ہندوستان واپس آ گئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز کہا کہ اس نے ہندوستانی شہریوں کی واپسی کے لیے تمام انتظامات کئے۔ سول ایوی ایشن، امیگریشن، لینڈ پورٹ اور بی ایس ایف حکام کے ساتھ تال میل قائم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف زمینی بندرگاہوں سے 778 ہندوستانی طلباء ہندوستان واپس آئے ہیں، جبکہ ڈھاکہ اور چٹاگانگ ہوائی اڈوں سے تقریباً 200 طلباء معمول کی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لوٹے۔ ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن اور چٹاگانگ، راجشاہی، سلہٹ اور کھلنا میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن بنگلہ دیش میں حالیہ پیش رفت کے بعد ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی میں مدد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ’کل ہم نے ٹیکنالوجی پر منحصر ہونے کا منفی اثر دیکھ لیا‘، مائیکروسافٹ کلاؤڈ بحران پر چیف جسٹس چندرچوڑ کا تبصرہ
وزارت خارجہ نے کہا کہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر ہائی کمیشن اور اسسٹنٹ ہائی کمیشن ہندوستان-بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد پر محفوظ سفر کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا، ’’ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن اور ہمارے ساتھی ہائی کمیشن بنگلہ دیش کی مختلف یونیورسٹیوں میں مقیم 4000 سے زائد طلباء کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ضروری مدد فراہم کر رہے ہیں۔ نیپال اور بھوٹان کے طلباء کو بھی ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔‘‘