(نئی دہلی) ایشیا کے امیر ترین شخصیات میں سے ایک بھارتی بزنس مین مکیش امبانی کے گھرانے کی شادی کی تقریبات کے لیے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ جس میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شرکت کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے کی شادی کی مختلف تقریبات 7 ماہ تک جاری رہیں جن میں شوبز شخصیات سمیت ملکی اور غیرملکی سربراہان مملکت نے بھی شرکت کی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق اننت امبانی کی شادی میں 5 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوئے جب کہ اسی دوران مکیش امبانی کی دولت میں 25 ہزار کروڑ روپوں کا اضافہ ہوا۔
کاروباری امور پر نظر رکھنے والے خبر رساں ادارے بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مکیش امبانی کے اثاثے 118 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 121 ارب ڈالرز ہوگئے جس کے باعث وہ دنیا کے 11 ویں امیر ترین فرد بن گئے۔
مکیش امبانی کی دولت میں اضافے کی وجہ گزشتہ ایک ماہ میں ان کے شیئرز کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد اضافہ ہونا ہے جب کہ یہ پورا مہینا وہ بیٹے کی شادی میں مصروف رہے تھے۔