امت نیوز ڈیسک //
کٹھوعہ پولیس نے پی ایس ملہار میں دو اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کو ملی ٹینٹ سرگرمیوں کی حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ان لوگوں پر پولیس کو بروقت اطلاع نہ دے کر جان بوجھ کر اہم معلومات چھپانے کا قصوروار پایا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ دونوں افراد نے جان بوجھ کر پولیس کو اہم معلومات نہ دینے کا فیصلہ کیا اور اس طرح دہشت گردی کی سرگرمیوں کو روکنے کی کوششوں میں ان لوگوں نے رکاوٹ پیدا کی۔
8 جولائی کو فوج پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں 100 سے زائد افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے، جب کہ مزید خطرات کو کم کرنے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے کسی بھی ممکنہ معاونت کے نظام میں خلل ڈالنے کے لیے 40 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
جن دو لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں ایک کی شناخت لیاقت علی عرف کے طور پر ہوئی ہے ہے جو تحصیل بلور، ضلع کٹھوعہ کا رہنے والا ہے۔ جبکہ دوسرے شخص کی شنخت مول راج کمار عرف جنجو ولد اتم چند، محلہ ملہار کے طور پر ہوئی ہے یہ بھی ضلع کٹھوعہ کا رہنے والا ہے۔
کٹھوعہ پولیس نے لوگوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع اپنے قریبی پولیس اسٹیشن کو دینے کے لئے کہا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں دو نمبرات بھی دئے ہیں۔ یہ نمبر بالترتیب 100اور 9858034100 ہیں جن پر پولیس کو اطلاعات دی جا سکتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دہشت گردوں نے 8 جولائی کو کٹھوعہ کے بدنوٹا گاؤں میں مچھیڈی کنڈلی، ملہار روڈ پر فوج کی گاڑی پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے میں ڈیوٹی کے دوران پانچ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے نے جموں و کشمیر میں فوجی اہلکاروں کو ہلاکر رکھ دیا تھا۔ فی الحال اس سلسلے میں دونوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔