امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے پنجاب کے گورنر اور مرکز کے زیر انتظام چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بنواری لال پروہت کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ صدر نے ملک بھر میں کئی ریاستوں کے گورنروں کا تقرر بھی کیا۔ آسام کے گورنر گلاب چند کٹاریہ کو پنجاب کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں یونین ٹیریٹری چنڈی گڑھ کا ایڈمنسٹریٹر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
ساتھ ہی ہری بھاؤ کسان راؤ باگڈے کو راجستھان کا گورنر بنایا گیا ہے۔ جبکہ جشنو دیو ورما کو تلنگانہ کا گورنر، اوم پرکاش ماتھر کو سکم کا اور سنتوش کمار گنگوار کو جھارکھنڈ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ وہیں صدر مرمو نے رامین ڈیکا کو چھتیس گڑھ کا گورنر اور سی ایچ وجئے شنکر کو میگھالیہ کا گورنر مقرر کیا ہے۔
جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ کا اضافی چارج کے ساتھ مہاراشٹر کا گورنر مقرر کیا گیا۔ سکم کے گورنر لکشمن پرساد اچاریہ کو آسام کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں منی پور کے گورنر کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "یہ تقرریاں اس تاریخ سے لاگو ہوں گی جب وہ اپنے متعلقہ دفاتر کا چارج سنبھالیں گے۔”