امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: بارہ مولہ پولیس نے نوجوان کے قتل کا معمہ حل کرکے دو خواتین سمیت تین افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دو اگست کی صبح پولیس پوسٹ پلہالن کو اطلاع موصول ہوئی کہ کھامبیار اندر گام پل کے نزدیک لاش برآمد کی گئی ہے۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت ناصر احمد گنائی ساکن پوشناگ کریری کے بطور کی۔ایس ڈی پی پٹن شاہجاں کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر چار ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
موصوف ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت غلام محی الدین گنائی ولد مرحوم غلام نبی ، فاطمہ بیگم زوجہ غلام محی الدین گنائی، روبینہ بانودختر غلام محی الدین گنائی، اور عادل احمد گنائی ولد غلام محی الدین ساکنان گنڈ بل پٹن کے بطور کی۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور یکم اگست 2024کو ڈوپٹے کے ذریعے نوجوان کا گلا دبایا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی اوربعد ازاں لاش کو پل کے نزدیک پھینک دیا۔ترجمان نے بتایا کہ جس ڈوپٹے سے نوجوان کا گلا دبایا گیا اس کو بھی برآمد کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔