امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: اننت ناگ کے اہلن گنڈول کوکرناگ میں تصادم آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی پی کشمیر وی کے بردی کے مطابق علاقے میں تین سے چار عسکریت پسند کا ایک گروپ موجود ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ عسکریت پسندوں کی تعداد تین سے چار ہے۔ آئی جی پی نے کہا ہے کہ ہم انکاونٹر کے دوران ہلاک شدہ شہری کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں کہ وہ عسکریت پسندوں کے اتنے قریب کیوں اور کیسے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ گروپ ڈوڈہ سے اس طرف گھس آیا ہے کیونکہ اننت ناگ اور ڈوڈہ کی سرحدیں جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو فوجی اور ایک عام شہری مارے گئے جب کہ ایک عام شہری اس تصادم آرائی میں زخمی ہوا ہیں جو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ انہوں نے نے مزید کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہفتے کے روز عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان انکاونٹر شروع ہوا تھا جو آج بھی جاری ہے۔ عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ میں دو فوجی اور ایک عام شہری ہلاک ہوا ہے جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ کوکرناگ پٹی کے دور افتادہ اہلن گاگرمنڈو جنگل میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کرنے کے بعد انکاؤنٹر شروع ہوا۔ یہ علاقہ 10,000 فٹ سے اوپر کی بلندی پر واقع ہے۔