امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے آج اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کا دوسری فہرست جاری کی جس میں محبوبہ مفتی کے دختر التجا مفتی ضلع اننتناگ کے بجبہاڑہ حلقے سے انتخابات لڑیں گی۔ التجا مفتی کو تین مرتبہ اسی حلقے سے رکن رہ چکے عبدالرحمن ویری کی جگہ ترجیح دے دی گئی ہے۔
التجا مفتی دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کافی سرگرم رہیں اور حالیہ پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے والدہ کے لئے مہم بھی چلائی۔ رحمان ویری کو شانگس حلقے سے نامزد کیا گیا ہے۔
پی ڈی پی کے یوتھ صدر وحید پرہ کو پلوامہ حلقے سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اگرچہ اس حلقے سے پلوامہ ضلعی کونسل کے چیرمین باری اندرابی بھی دعویدار تھے۔
وہیں شوپیان کے زینہ پورہ حلقے سے سابق ایم ایل اے اعجاز میر کی جگہ پارٹی کے دیرینہ کارکن و سٹیٹ سیکرٹری غلام محی الدین کو نامزد کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ غلام محی الدین پی ڈی پی کے سابق پی اے رہ چکے ہیں اور محبوبہ کے وفادار کارکنوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔
ان حلقوں کے علاوہ پی ڈی پی نے محبوبہ مفتی کے ماما سرتاج مدنی کو دیوسر حلقے سے، غلام نبی لون ہنجورہ کو چراغ شریف سے، محبوبہ بیگ کو اننتناگ سے جبکہ ترال حلقے سے نیشنل کانفرنس کے سابق وزیر مرحوم علی محمد نائک کے فرزند رفیق نائک کو نامزد کیا ہے۔