امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کانگریس یونٹ میں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر وقار رسول وانی کی برطرفی پر پیدا ہونے والے تنازع کے درمیان، کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ کو جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ دو روزہ دورے کے دوران وہ یونین ٹیریٹری میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
ادھر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سابق صدر وقار رسول وانی، جن کی جگہ طارق حمید قرہ کو جموں کشمیر یونٹ کا صدر مقرر کیا گیا، نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ بننے سے روکنے کے لیے ایک سازش کی گئی تھی۔ وقار رسول وانی کا یہ تبصرہ انہیں جموں کشمیر کانگریس کے صدر کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ طارق حمید قرہ کو مقرر کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ پیشرفت جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے شروع ہونے والے طویل عرصے سے التواء میں پڑے اسمبلی انتخابات سے چند ہفتے قبل سامنے آئی ہے۔
صوبہ جموں کے ضلع رام بن میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وقار رسول وانی نے پارٹی کے بعض دھڑوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے دفتر تک ان کی رسائی روکنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا۔ وقار رسول نے جلسے کے دوران دعویٰ کیا: ’’میں آپ کو صاف بتانا چاہتا ہوں کہ کئی قوتیں پس پردہ کام کر رہی ہیں تاکہ وقار رسول جموں و کشمیر کا وزیر اعلیٰ نہ بن سکے،‘‘ یہ تبصرے اس وقت سامنے آئے جب انہوں نے سرینگر میں پارٹی کے ایک پروگرام میں شرکت نہ کرنے کے بجائے رام بن میں جلسے سے خطاب کرنے کو ترجیح دی۔ سرینگر میں گزشتہ روز نئے صدر، طارق حمید قرہ، کے اعزاز میں ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔