امت نیوز ڈیسک //
سری نگر،: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک بیشتر مقامات پر رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں آنے والے دنوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران 29 اور 30 اگست کو وادی میں ہلکی سے درمیانی درجے جبکہ جموں خطے میں درمیانی سے بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں 5 ستمبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اس دوران صبح یا شام کے وقت کہیں کہیں بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران تیز بارشوں کے نتیجے میں خطرناک مقامات پر سیلابی ریلے، مٹی کے تودے گر آنے ،زمین کھسکنے اور چٹانیں کھسکنے کے خطرات ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اب چونکہ شدید گرمیوں کا موسم گذر گیا ہے لہذا اب گرمی کی لہر دوبارہ آنے کا کوئی امکان نہیں ہےانہوں نے کہا کہ وادی میں اب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔انہوں نے کسانوں کو 31 اگست تک اپنے باغوں میں دوا پاشی کرنے سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا۔ادھر وادی کے بیشتر علاقوں میں بدھ کی صبح سے رک رک کر ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔