امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو شیخ خاندان کا شکر گذار رہنا چاہئے کیونکہ شیخ محمد عبداللہ نے کی وجہ سے جموں وکشمیر کا ملک کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ شرائط کی بنیادوں پر سرکار بنائی تھی۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کو شیخ خاندان کا شکر گذار ہونا چاہئے کیونکہ عمر صاحب نے ان کے ایجنڈے کو یہاں نافذ کیا’۔ان کا کہنا تھا:’جہاں تک پی ڈی پی اور مفتی خاندان کا تعلق ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی کو یاد ہوگا کہ وہ تین مہینوں تک سرکار بنانے کے لئے ہمارے پاس آئے لیکن بعد میں ہم نے شرائط کی بنیادوں پر سرکار بنائی جن میں افسپا کو ہٹانا، راستے کھولنا، پاکستان کے ساتھ بات چیت، حریت کے ساتھ بات چیت، 370 کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنا شامل تھے’۔
محبوبہ مفتی نے کہا:’شیخ صاحب کی وجہ سے جموں و کشمیر کا ملک کے ساتھ الحاق ہوا ہے جب عمر صاحب بی جے پی میں وزیر تھے تو انہوں نے پوٹا نافذ کیا اور یہاں شاہتوس پر پابندی لگائی’۔انہوں نے الزام لگایا: ‘بی جے پی نے عمر صاحب کو دنیا میں گھمایا یہ کہنے کے لئے کہ جموں وکشمیر دہشت گردی کا مسئلہ ہے اور پاکستان پر حملہ کرکے اس کو حل کیا جانا چاہئے’۔
پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے منشور کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ہوئی ہے، وہ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے اب الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں’۔ایک سوال کے جواب میں پی ڈی پی صدر نے کہا: ‘اگر شیخ خانان نے ہندوستان کا ایجنڈا نافذ نہ کیا ہوتا تو جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ ہوتا یا آزاد ہوتا’۔(یو این آئی)