امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : حزب اختلاف کے رہنما اور سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو جموں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران جموں کشمیر کو ریاستی درجہ سے گھٹا کر یونین ٹیریٹری بنائے جانے پر مرکزی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ راہل گاندھی کا جموں کشمیر کا یہ دورہ اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران ہو رہا ہے۔ جموں میں ریلی سے خطاب کے بعد وہ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
جموں میں راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام کو مخاطب بناکر کہا: ’’آپ سے آپ کے حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ انڈیا الائنس جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دے گا۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا: ’’ہم نے سوچا تھا کہ آپ کو انتخابات سے پہلے ریاست کا درجہ واپس مل جائے گا۔ کسی دوسری ریاست کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ پہلی بار ریاست کو ختم کرکے یونین ٹیریٹری بنایا گیا۔ اگر بی جے پی آپ کو ریاستی درجہ نہیں دیتی تو انڈیا الائنس آپ کو آپ کے حقوق دے گا۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر نے مزید کہا کہ ’’جموں ایک مرکز ہے، جو کشمیر کی پیداوار اور کاروبار کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے ایل جی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے۔ جب تک ایل جی ہے، صرف باہر کے لوگ ہی فائدہ اٹھائیں گے اور جموں و کشمیر کے لوگ ایک طرف (محروم) ہو کر رہ جائیں گے۔‘‘ گاندھی نے مزید کہا کہ ’’اگر ہم کامیاب ہوئے تو بجلی اسمارٹ میٹر کو ختم کریں گے۔‘‘








