امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور وادیٔ کشمیر کے دیگر حصوں میں چھاپے مارے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، آج صبح، این آئی اے نے پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تعاون سے بارہمولہ کے سنگری کالونی میں مولوی اقبال بھٹ کے رہائشی مکان کی تلاشی لی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس رپورٹ کے داخل ہونے تک کسی گرفتاری یا بازیابی کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کشمیر کے دیگر حصوں میں بھی چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ وادیٔ کشمیر میں ٹیرر فنڈنگ اور عسکریت پسندی کے واقعات کے سلسلہ میں این آئی اے سمیت دیگر ایجنسیاں چھاپے مار کارروائیاں کرتی رہتی ہیں۔ قبل ازیں بھی راجوری میں بس پر ہوئے حملہ کے ضمن میں این آئی اے کی ٹیم نے ضلع راجوری اور ریاسی ضلع میں سات مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
گذشتہ جون کے دوران ضلع راجوری میں کھوری ٹمپل سے واپس آ رہے یاتریوں کی بس پر حملہ ہوا تھا جس میں نو یاتری ہلاک ہوئے تھے۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) نے ضلع راجوری اور ریاسی ضلع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔