امت نیوز ڈیسک //
سری نگر،: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ جموں وکشمیر کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اپنا فیصلہ دکھا کر ثابت کر دیا ہے کہ 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت نے جو کچھ کیا وہ انہیں قابل قبول نہیں تھا موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’عمر عبداللہ جموں وکشمیر کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ لوگوں نے اپنا فیصلہ دکھا کر ثابت کر دیا ہے کہ 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت نے جو کچھ کیا وہ انہیں قابل قبول نہیں تھا‘۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ’بے روز گاری، گراں بازاری، نوجوانوں میں منشیات کی بدعت کے پھیلائو جیسے مشکلات کو دور کرنے کے لئے مزید کام کرنا ہے‘۔
یہ کہنے پر کہ آیا جموں وکشمیر میں سیاسی صورتحال بدل سکتی ہے، کے جواب میں انہوں نے کہا: ’بے شک، یہاں اب صرف لیفٹیننٹ گورنر اور ان کے چار ساتھی نہیں ہوں گے اب نوے ارکان اسمبلی ہوں گے جو لوگوں کے مسائل کو حل کریں گے‘۔
انہوں نے کہا:’میں تمام لوگوں کا شکر گذار ہوں ان لوگوں کا بھی جنہوں نے الیکشن میں آزادنہ طور پر حصہ لیا‘۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے پارٹی صدر کی گپکار رہائش گاہ پر مٹھائیں تقسیم کرکے پارٹی کی جیت پر جشن منایا۔