امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک بڑے بین ریاستی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرکے غیر قانونی تجارت میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت مونٹی سنگھ ساکن بلند شہر اتر پردیش، آشیش باردواج اور راہل ساکنان چھتہ پور نئی دلی کے طور پر کی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے سری نگر لے جانے والے منشیات کی ایک کھیپ کے بارے میں موصولہ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اننت ناگ میں سڑک پر کئی ناکے لگا دئے۔
انہوں نے کہا: ’اس دوران ڈونی پورہ بجبہاڑہ پر ایک گاڑی (ٹو یوٹا کار) کو روکا گیا جس میں تین افراد سوار تھے جن کی شناخت مونٹی سنگھ ساکن بلند شہر اتر پردیش، آشیش باردواج اور راہل ساکنان چھتہ پور نئی دلی کے طور پر ہوئی‘۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ’تلاشی کے دوران پولیس نے کوڈین فاسفیٹ (این آر ایکس) کی 413 بوتلیں بر آمد کیں جن کا نام کورڈل – ٹی رکھا گیا تھا اور جن کو کار دروازے کے پینل میں چھپایا گیا تھا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ تینوں ملزموں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ منتقل کیا گیا جہاں وہ حراست میں ہیں۔
انہوں نے کہا: ’مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ کھیپ مبینہ طور پر سوپور اور سری نگر میں ڈیلیور کرنی تھی‘۔
ان کا کہنا تھا: ’پولیس نے تیزی سے کارروائیاں انجام دیتے ہوئے متعدد چھاپے مارے جس کے نتیجے میں سوپور سے ایک مقامی اسمگلر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا‘۔
موصوف پولیس ترجمان نے کہا: ’نئی دہلی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے تعاون سے نوئیڈا کے سیکٹر 135 میں ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا جہاں کوڈین کی کافی مقدار میں برآمد کیا گیا‘۔
انہوں نے کہا: ’ اس ریکٹ کے پس پردہ اہم افراد کی شناخت سچن رانا اور ارون رانا کے طور پر ہوئی ہے جو فرید آباد کے رہنے والے ہیں اور ان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’اس آپریشن نے بین ریاستی منشیات کے نیٹ ورک کے آگے اور پیچھے دونوں طرح کے روابط کا پردہ فاش کیا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔