امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی فی الحال نئی تشکیل شدہ حکومت کی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہی ہے کیونکہ مرکزی سرکار کے بار بار وعدوں کے باوجود ابھی تک جموں کشمی رکے ریاستی درجے کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ بدھ کو عمر عبداللہ سمیت نئی حکومت کے پانچ کابینہ ممبران نے حلف لیا۔
طارق حمید قرہ نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’کانگریس پارٹی، جموں وکشمیر کی نئی حکومت میں فی الحال کسی وزارت میں شامل نہیں ہوگی۔‘‘ قرہ نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی مرکز سے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا پر زور مطالبہ کر رہی ہے اور وزیر اعظم نے بھی اپنے جلسوں میں بار بار ریاستی درجے کی بحال کا وعدہ کیا تاہم اس کے باجود بھی مرکز سرکار اپنے وعدے کو پورا نہیں کر رہی ہے جس پر وہ خفا ہیں۔ قرہ کے مطابق ’’کانگریس پارٹی جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔‘‘
ادھر، کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے نے بھی کہا کہ ’’ہم خوش ہیں کہ طویل عرصہ بعد یہاں جمہوری حکومت تشکیل پائی ہے اور ہمارے اتحادی پارٹنر نیشنل کانفرنس نے جموں کشمیر کی حکومت سنبھالی ہے تاہم ہمیں یقین ہے کہ اب جلد ہی ریاستی درجے کو بحال کیا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بدھ کو نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبدللہ نے یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ حلف برادی تقریب میں عمر عبداللہ کے بحثیت وزیر اعلیٰ جبکہ دیگر چار کابینہ وزراء نے بھی حلف لیا۔