امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں بدھ کو بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ نور الدین نورانی(رح) کا عرس مبارک انتہائی تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
چرار شریف میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور نماز ظہرکے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے باجماعت نماز اداکی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے چرار شریف کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ عقیدت مند جوش خروش کے ساتھ آستانہ عالیہ کے احاطے میں داخل ہو رہے تھے اور اپنے اپنے حاجات کی روانی کے لئے دعائیں کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ نماز ظہر میں کافی بڑی تعداد میں نمازیوں جن میں مردو زن شامل تھے، نے شرکت کی۔معلوم ہوا ہے کہ رات بھر آستانہ عالیہ چرار شریف میں زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شب خوانی کی جس دوران امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعاوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی بزرگ کے آستانہ عالیہ پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں اور اپنے اپنے حاجات کی روائی کے لئے دعائیں مانگا کرتے ہیں۔بچوں اور خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کے آستانہ عالیہ پر حاضری دی اور اپنی مردایں پانے کے لئے دعائیں کیں۔
اس موقعہ پر مذہبی سکالروں اور مبلغین نے حضرت شیخ العالم (رح) کے طرز حیات اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مبلغین نے لوگوں کو شیخ العالم (رح) کی تعلیمات اور طرز حیات کو اپنانے پر زور دیا۔
چرار شریف میں واقع آستان علمدار کشمیر لاکھوں روحانیت کے متلاشیوں کا روحانی مرکز ہے جہاں سال بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ اس آستان عالیہ پر جہاں لوگ روحانی فیوض و برکات سے فیضاب ہوجاتے ہیں وہیں دنیا کی مختلف پریشانیوں میں گھرے لوگ اور حاجت مند بھی دست بدعا ہو کر مستفید ہوجاتے ہیں۔