امت نیوز ڈیسک //
دہلی دھماکہ کیس کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ میں ایک بار پھر چھاپہ مارا اور تلاشی کارروائی انجام دی۔ ذرائع کے مطابق این آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم نے ضلع کے دیالگام میں واقع میڈیکل کالج کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف ریکارڈز، دستاویزات اور دیگر متعلقہ مواد کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
تحقیقاتی ایجنسی اس معاملے میں ڈاکٹر عدیل، جنہیں دہلی دھماکہ سے قبل نوگام میں پوسٹرز برآمد کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، سے جڑے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور ان ممکنہ روابط کی چھان بین کی جا رہی ہے جو دہلی دھماکہ کیس سے وابستہ ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ این آئی اے کی ٹیم نے میڈیکل کالج انتظامیہ سے بھی ضروری معلومات حاصل کیں اور بعض ’’اہم ریکارڈز کو اپنے قبضے میں لے لیا، تاکہ تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ دہلی دھماکہ سے قبل گرفتار کیا گئے ڈاکٹر عدیل سے پوچھ تاچھ کے دوران حاصل ہوئی معلومات کی بنیاد پر اس سے پہلے بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں چھاپہ مارا گیا تھا اور یہاں سے ایک ہتھیار بھی برآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد اس معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق این آئی اے، اس کیس کے ہر پہلو کا گہرائی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ ممکنہ نیٹ ورک، معاونین اور دیگر روابط کو بے نقاب کیا جا سکے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’’کیس کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘
فی الحال اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔ مقامی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مستند معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔




