امت نیوز ڈیسک //
بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتے کیلئے موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران کچھ بالائی علاقوں میں بھاری سے درمیانی درجے کی برفباری ہو سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ موسمی نظام کی وجہ سے بالائی علاقوں سڑکیں بند ہو سکتی ہے جبکہ سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو دیکھ کر ہی سفر کی منصوبہ بندی کریں اور انتظامیہ و ٹریفک حکام کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں دن بھر ابر آلود موسم کے ساتھ کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ سنیچروار کی صبح سے ہی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلی جس سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی ۔ شدید ٹھنڈ کے باعث لوگوں نے زیادہ تر گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں بازاروں میں بھی گہماگہمی کمی ہی دیکھنے کو ملی۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق فی الحال،وادی کشمیر کے کئی اسٹیشنوں پر کم از کم درجہ حرارت میں نمایاں بہتری کے ساتھ، گلمرگ سمیت چند مقامات پر ہلکی برفباری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش یا برفباری کا امکان ہے اور کشمیر صوبے کے اونچے علاقوں بشمول کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، شوپیان، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میںبعد دوپہر سے برفباری کاامکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 4 جنوری کی رات سے 5 جنوری (دیر رات) اور پیر کی صبح کے دوران سب سے زیادہ سرگرمی کے ساتھ برفباری کا امکا ن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 7 سے 10 جنوری تک موسم عام طور پر ابر آلود اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح سے عام طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی برفباری کے ساتھ 11 سے 12 جنوری تک الگ تھلگ جگہوں پر رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر 13 سے 1 جنوری تک خشک رہنے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ موسمی نظام کی وجہ سے سطحی اور ہوائی نقل و حمل میں خاص طور پر 5 جنوری کو عارضی خلل پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ اسی طرح سے پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا کہ موسمی نظام کی وجہ سے اہم گزرگاہوں بشمول سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا اور رازدان پاس، زوجیلا، وغیرہ پر سڑکیں عارضی طور پر بند ہوسکتی ہیں ۔








