امت نیوز ڈیسک //
میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے جموں و کشمیر اور پوری امتِ مسلمہ کو ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک ایک مقدس مہینہ ہے جس میں روزہ، نماز، تدبر و تفکر، اور قرآن کریم کی تلاوت اور تعلیمات سے وابستگی کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کا موقع ملتا ہے۔
میرواعظ نے اس مبارک مہینے کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں کو صبر، عاجزی، اور سخاوت اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے عبادات میں اضافہ، قرآن کریم سے مضبوط تعلق اور ضرورت مندوں کے ساتھ ہمدردی اور خیرات کے عمل کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ رمضان تمام مسلمانوں کے لیے امن، خوشی، اور روحانی ترقی کا باعث بنے۔
دریں اثنا، انجمن اوقاف جامع مسجد نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکام میرواعظ کی دینی، دعوتی، تبلیغی اور اصلاحی سرگرمیوں پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد کرنے سے گریز کریں گے تاکہ عقیدت مند بڑی تعداد میں ان کے مواعظ حسنہ سے مستفید ہو سکیں۔
واضح رہے رمضان کا متبارک مہینہ یکم مارچ یا مارچ کی 2 تاریخ سے سے شروع ہونے جارہا ہے تاہم آج شام چاند نظر آنے کی تصدیق کے ساتھ ہی یہ صاف ہوجائے گاکہ رمضان کا پہلا روزہ یکم یا مارچ کی 2 تاریخ سے ہوگا۔











