امت نیوز ڈیسک //
جموں: صوبہ جموں کے کٹرا علاقے میں، ماتا ویشنو دیوی کے نزدیک، ایک ہوٹل کے احاطے میں شراب نوشی کے الزام میں پولیس نے 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ 15 مارچ کو پیش آیا، جب ہوٹل میں مقیم ان مہمانوں نے شراب نوشی کی، حالانکہ انہیں واضح طور پر منع کیا گیا تھا کہ مذہبی مقام پر شراب نوشی کی اجازت نہیں ہے۔
پولیس کی جانب سے کیس درج کیے گئے افراد میں میں اورحان اواترامانی (اوری)، درشن سنگھ، پارث رائنا، ریتک سنگھ، راشی دتہ، رکشیتا بھوگل، شگون کوہلی اور انستاسیلا ارزماسکینا شامل ہیں۔ پولیس نے پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایف آئی آر نمبر 72/25 درج کی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ مذہبی مقام پر نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام کی جا سکے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ قانون کی مذہبی مقام پر قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی شراب یا دیگر منشیات کے ذریعے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر خاص کر وادی بھی کئی حلقے شراب بندی کے مطالبات کر رہے ہیں، تاہم اس پر حکام کی جانب سے کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔ چند روز قبل ہی حکومت نے یونین ٹیریٹری میں شراب کی دکانوں کی از سر نو نیلامی (re-auction) کا عمل بھی شروع کیا، جس کے بعد اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔










