امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : جموں و کشمیر میں اتحادی حکومت کی اکائیوں کا ایک اہم اجلاس گپکار، سرینگر میں نائب وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر جاری ہے، جس کی صدارت جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کر رہے ہیں۔ اجلاس میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے سینئر رہنما شریک ہیں، جہاں حالیہ سیاسی اور انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے عید کے روز 48 جے کے اے ایس افسران کے تبادلوں کے فیصلے پر تفصیلی غور ہو رہا ہے، جسے وزیر اعلیٰ کے دائرہ اختیار میں مداخلت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر اتحادی جماعتوں کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، کانگریس کے نذیر احمد بھٹ، عرفان حفیظ لون، اور پیرزادہ محمد سعید اجلاس میں شریک ہیں۔ تاہم، این سی کے ایم ایل اے احسان پردیسی، سینئر کانگریس رہنما طارق حمید قرہ اور سابق جے کے پی سی سی چیف غلام احمد میر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی، جس پر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔(ای ٹی وی بھارت)










