امت نیوز ڈیسک //
بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی مبینہ طور زمین تنازعہ کے دوران ہوئی جھڑپ کے دوران موت واقعہ ہو گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ خوفناک حادثہ گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ پہرو، نوگام میں اس وقت پیش آیا جب زمین سے متعلق ایک تنازعہ پر دو فریقوں کے درمیان جھڑپ ہوئی اور یہ جھڑپ ہاتھا پائی تک جا پہنچی جس میں ایک شہری شدید زخمی ہو گیا اور جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی شناخت غلام رسول راتھر ولد ثناء اللہ راتھر ساکنہ اچھگام، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کے روز پہرو علاقے میں اراضی کے حوالے سے دو گروہوں کے درمیان تنازع شروع ہوا، اور جلد ہی دونوں طرف سے تلخ کلامی شروع ہوئی جو آناً فاناً ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور اس دوران غلام رسول کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’’جھڑپ کے دوران غلام رسول کے سر پر ضرب لگی جس سے وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔‘‘ خون میں لت پت غلام رسول کو کو فوری طور پر ضلع اسپتال پانپور منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔
ادھر، پولیس نے واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی مکمل جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور ضروری قانونی لوازمات کو کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ادھر، مقامی باشندوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
جموں کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی جسد خاکی کو طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے قانونی ورثاء کے سپرد کر دیا جائے گا۔ دریں اثناء، غلام رسول کی دردناک موت کی خبر اچھگام پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔










