امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کو پہلگام حملے میں ہلاک ہوئے افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمی ہونے والوں کے لیے 2 لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے امداد (ایکس گریشیا ریلیف) کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دفتر سے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’معصوم شہریوں کے خلاف وحشیانہ اور بے ہودہ عمل کی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اس (حملے) کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگ مناتے ہیں۔ پیاروں کے نقصان کا ازالہ کبھی بھی رقم سے نہیں ہو سکتا، لیکن یکجہتی کے اظہار کے طور پر جموں و کشمیر حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے امداد کے طور پر دئیے جائیں گے۔‘‘
پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ متاثرین کو ان کے گھروں تک باوقار طریقے سے پہنچانے کے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ وہیں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔‘‘
اس میں مزید کیا گیا ہے کہ ’’ہمارے دل سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس تاریک گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لیکن ہمارے عزم کو کبھی نہیں توڑ سکتی، اور ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ اس بربریت کے پیچھے کارفرما افراد کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔‘‘
واضح رہے کہ منگل کی دوپہر مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں نہتے سیاحوں پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس میں دو درجن سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد جموں وکشمیر میں خوف کا ماحول طاری ہے اور اس حملے کی مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے شدید الفاظ میں مزمت کی ہے جبکہ اس انسانیت سوز واقعے کے سوگ میں آج جموں اور کشمیر میں ہڑتال ہے۔










